ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں والوو بس کی درخت سے ٹکر؛ ٹہنی گرکر بس کے اندر گھس گئی؛ایک کی موقع پر موت

بھٹکل میں والوو بس کی درخت سے ٹکر؛ ٹہنی گرکر بس کے اندر گھس گئی؛ایک کی موقع پر موت

Fri, 16 Nov 2018 00:18:51    S.O. News Service

بھٹکل 15/نومبر (ایس او نیوز) مینگلور سے مسافروں کو بھر کر بھٹکل بس اسٹائنڈ پر اُتارنے کے بعد والوو بس کو  ڈپو میں لے جانے کے دوران  ساگر روڈ پر  واقع ایک درخت کی ٹہنی سے ٹکراجانے کے نتیجے میں  بس کنڈیکٹر کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت پنچیّا مٹاپتی (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پنچپّا کا تعلق بیلگام  سے ہے۔

اطلاع کے مطابق جمعرات   شام 5:15 بجے مینگلور سے چھوٹنے والی کے ایس آر ٹی سی والوو بس بھٹکل بس اسٹائنڈ پر رات 8:55 کو پہنچی تھی، سبھی مسافروں کو بس اسٹائنڈ پر اُتارنے کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے قریبی ہوٹل میں کھانا کھایا، پھر قریب 9:30 بجے ساگر روڈ پر واقع بس ڈپو میں بس کو پارک کرنے لے گئے۔  بتایا گیا ہے کہ اس دوران ساگر روڈ پر مخالف سمت سے آنے والے ایک آٹو رکشہ کو  سائیڈ دینے کی کوشش میں ڈرائیور نے بس کو جیسے ہی کنارے لیا،  قریب میں موجود گھنے درخت کی ایک ٹہنی  سے بس کا اوپری حصہ ٹکراگیا،  ٹکر لگتے ہی ٹہنی سیدھے بس کے اندر موجود  کنڈیکٹر   پر گری اور  اُس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

نعش کو  بھٹکل سرکاری اسپتال  کے پوسٹ مارٹم روم میں منتقل کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی مینگلور کے ایس آر ٹی سی کے ڈپٹی کمشنر دیپک کمار اپنے دیگر عملہ جئساتھ، مدھوسودھن، رونالڈ روبو وغیرہ کے ساتھ  رات قریب ایک بجے  بھٹکل پہنچے اور نعش کامعائنہ کرتے ہوئے  کنڈیکٹر کی موت پر  گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بھٹکل اور سرسی بس ڈپو کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

 بتایا گیاہے کہ بس کنڈیکٹر پنچیا کو دو چھوٹے لڑکے ہیں، بیوی بھی زیادہ پڑھی لکھی نہیں ہے، اس بنا پرسرکاری امداداور سہولیات  کے ساتھ ساتھ  نوکری دئے جانے کے تعلق سے غور کیا جارہا ہے۔

بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہےاور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔


Share: